اقلیتی بیوہ خواتین میں خود روزگار اسکیم کے تحت 50 ہزار کے چیکس کی اجرائی

   

ترکا کاشا کمیونٹی کو ٹول کٹس، میڑچل میں تقریب سے ریاستی وزیر سریدھر بابو اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور صدرنشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال نے میڑچل ملکاجگری ضلع میں کارپوریشن کی 2 اسکیمات کے تحت مستحق خواتین میں فی کس 50 ہزار روپئے کے چیک اور ترکا کاشا پسماندہ کمیونٹی میں جنریٹر اور ٹول کٹس تقسیم کئے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اندراماں میناریٹی مہیلا یوجنا کے تحت بیوہ خواتین میں 50 ہزار روپئے کے 220 چیک تقسیم کئے گئے جس کے ذریعہ وہ چھوٹے کاروبار کا آغاز کرسکتے ہیں۔ ترکا کاشا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 47 افراد میں جنریٹر اور ٹول کٹس تقسیم کئے گئے۔ ہر ایک کٹ کی مالیت 60 ہزار روپئے ہے۔ ترکا کاشا اقلیتی طبقہ کی بھلائی کے لئے فینانس کارپوریشن نے خصوصی اسکیم متعارف کی ہے۔ اِس موقع پر قانون ساز کونسل میں چیف وہپ پی مہندر ریڈی، رکن اسمبلی اے گاندھی، ضلع کلکٹر مانو چودھری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے اقلیتی بہبود کی معاشی ترقی کے لئے کئی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے کہاکہ کارپوریشن کے ذریعہ صد فیصد سبسیڈی کے تحت ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپئے کے چیکس جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی و معاشی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے الیکٹرک اسکوٹی اسکیم کے تحت 414 افراد کا انتخاب کیا گیا جن میں سے 112 استفادہ کنندگان میں تقسیم عمل میں آئی۔ پی مہندر ریڈی نے کہاکہ میڑچل ملکاجگری ضلع میں 900 اقلیتی طبقہ کے افراد کو خود روزگار اسکیم کے تحت مدد دی جائے گی۔ ضلع کے 37 اقلیتی طلبہ کے لئے اوورسیز اسکالرشپ منظور کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم کے تحت 8 کروڑ 23 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع میں غریب اور مستحق خواتین میں 563 سلائی مشین تقسیم کئے جارہے ہیں۔V/1/k/b