اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کو جنرل باڈی اجلاس کی منظوری

   

اقامتی اسکولوں کے طلبہ کے ڈریس کی سلوائی کا آرڈر، عبید اللہ کوتوال کا بیان
حیدرآباد۔/5نومبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کا ساتواں جنرل باڈی اجلاس حج ہاوز نامپلی میں صدرنشین محمد عبید اللہ کوتوال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کارپوریشن کے سالانہ فینانشیل اسٹیٹمنٹ کو منظوری دی گئی۔ شریمتی اے کانتی ویسلی آئی اے ایس نائب صدرنشین ومنیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ایڈیشنل سکریٹری فینانس آر روی کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے فینانشیل اسٹیٹمنٹ اور اسکیمات پر عمل آوری کو منظوری دی۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے بجٹ کی اجرائی پر اظہار تشکر کیا اور عہدیداروں سے کہا کہ اسکیمات کے سلسلہ میں جلد ہی ایکشن پلان تیار کریں۔ صدرنشین نے کارپوریشن کے تحت چلنے والے کمیونٹی گارمینٹس پروڈکشن سنٹرس اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس کے طلبہ کے یونیفارم کی سلوائی کا آرڈر پروڈکشن سنٹرس کو دیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹمریز کے حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔ رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں نے عصری ایمبرائیڈری اور سیونگ مشینوں کے علاوہ اوور لاک مشینوں کو الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ یونیفارم کی سلوائی کیلئے فی یونیفارم 75 روپئے سے بڑھا کر 100 روپئے کرنے کی درخواست کی گئی۔ صدرنشین نے نئے عصری مشینوں کی فراہمی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس کے یونیفارمس کا آرڈر دینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ عبیداللہ کوتوال نے کہا کہ فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا عنقریب آغاز ہوگا۔ اسکیمات مکمل شفافیت کے ساتھ عمل کی جائیں گی اور درمیانی افراد کا کوئی رول نہیں رہے گا۔1