تاحال 1.68 لاکھ درخواستیں وصول ، قرض کی رقم میں مزید اضافہ کرنے کی حکومت سے نمائندگی کی جائیگی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے بتایا کہ اقلیتی قرض کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 9 جنوری تک توسیع دی گئی ہے ۔ شفاف طریقہ کار کے ذریعہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق قرضوں کی اجرائی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا ۔ امتیاز اسحق نے روزنامہ ’سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حصول قرض کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 جنوری مقرر کی گئی تھی تاہم شہر اور اضلاع سے انہیں بڑے پیمانے ٹیلی فون کالس وصول ہورہے ہیں ۔ مستحق افراد کو تحصیل آفس سے انکم سرٹیفیکٹ حاصل کرنے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ جس کا ہمدردانہ غور کرنے کے بعد درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں مزید 4 دن کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کہا کہ تاحال شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سے قرضوں کی حصولی کے لیے 1.68 لاکھ درخواستیں وصول ہوچکے ہیں ۔ مستحق افراد اور بیروزگار نوجوان خود روزگار حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر درخواستیں داخل کررہے ہیں ۔ امتیاز اسحق نے بتایا کہ حکومت سے اقلیتوں کو ڈھیر ساری امیدیں وابستہ ہیں اور انہیں امید ہے کہ حکومت بھی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہے ۔ پہلے قرض کے لیے 50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے ۔ ان کی نمائندگی پر مزید 70 کروڑ روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے اس کو 120 کروڑ روپئے کیا گیا ۔ وہ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمد محمود علی ، وزیر فینانس ہریش راؤ سے ملاقات کریں گے ۔ قرض کے لیے درخواستوں کی بڑے پیمانے پر وصولی کا حوالہ دیتے ہوئے قرض کی رقم میں مزید اضافہ کرنے کی حکومت سے نمائندگی کریں گے ۔ حج ہاوز میں درخواست فارمس کی وصولی میں بے قاعدگیاں ہونے اور عملہ کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی شکایتوں کے معاملے میں جب امتیاز اسحاق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کسی بھی بے قاعدگیوں اور رشوت وصول کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ساری کارروائی شفاف طریقہ سے کی جارہی ہے ۔۔ن