120 کروڑ روپئے قرض تقسیم کرنے کا عمل آخری مراحل میں : امتیاز اسحق
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے اقلیتی بجٹ کو بڑھا کر 2200 کروڑ روپئے کرنے بالخصوص اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو قرض کی ادائیگی کے لیے 270 کروڑ روپئے مختص کرنے اور اقلیتی خواتین کے لیے 20 ہزار سلوائی مشین منظور کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ بی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کے اسمبلی میں پیش کردہ بجٹ سے اس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ اقلیتی بجٹ میں جہاں زبردست اضافہ کیا گیا ہے ۔ وہی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو بجٹ میں خاصی اہمیت دی گئی ہے ۔ اس سال اقلیتوں میں قرض کے لیے 120 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ سال 2023-24 کے بجٹ میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو قرض کی اجرائی کے لیے بجٹ میں 150 کروڑ روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 270 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ساتھ ہی 20 ہزار اقلیتی خواتین کے لیے سلوائی مشین بھی منظور کی گئی ہیں جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ 120 کروڑ روپئے قرض تقسیم کرنے کے لیے درخواست وصول کی گئی ہیں ۔ جس کی اضلاع سطح پر درخواستوں کی جانچ آخری مراحل میں پہونچ گئی ہیں ۔ ان درخواستوں کے ویریفیکیشن کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا اور ساتھ ہی قرض کے اہل افراد کی فہرست تیار کی جائے گی ۔ جس کے بعد قرض اجرائی کے کاموں کا آغاز ہوجائے گا ۔ بجٹ میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو جو فنڈز مختص کئے گئے ہیں وہ اس مسئلہ پر کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ تمام تفصیلات حاصل ہونے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے ۔۔ ن