حیدرآباد18 دسمبر (یو این آئی) بی آرایس ارکان اسمبلی کی خریداری معاملہ کے شکایت کنندہ پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی لیڈران ان کے خلاف منشیات کے الزامات ثابت کرتے ہیں تو وہ اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے تیار ہیں۔ انہوں نے الزام ثابت نہ ہونے پر بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے اور رگھونندن راؤ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ روہت ریڈی آج پھر چارمینار کی مندر پہنچے ۔روہت ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سنجے نے ان کا چیلنج قبول نہیں کیا، اس لیے عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان پر الزامات غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنجے سچے ہندو نہیں ہیں۔ بنڈی سنجے نوجوانوں کو مذہب کے نام پر بھڑکا کر گمراہ کر رہے ہیں۔ روہت ریڈی نے بی جے پی لیڈران پر طاقت کا غلط استعمال کرنے اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن پر حملے کرنے کا الزام لگایا۔