الفا متاثر نہ کرسکی، کمزورکہانی اور غیر ضروری ایکشن پر تنقید

   

ممبئی، 3 جولائی (آئی اے این ایس) عالیہ بھٹ کی نئی جاسوسی سنسنی خیز فلم الفا کو ریلیز کے بعد شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا ہے، تاہم ابتدائی عوامی آرا میں فلم کی کہانی، ہدایت کاری اور ضرورت سے زیادہ ایکشن پر شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ متعدد ناظرین نے کہا ہے کہ فلم کی کہانی کمزور ہے اور یہ جاسوسی فلم ہونے کا تاثر پیدا کرنے میں ناکام رہی۔ کئی شائقین نے رائے دی کہ فلم کا زیادہ تر حصہ بے مقصد لڑائی کے مناظر پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے کہانی اپنی اہمیت کھو بیٹھتی ہے۔ ایک ناظر نے کہا فلم کا نام دیکھ کر بڑی توقعات کے ساتھ آیا تھا، لیکن کہانی بالکل متاثر نہیں کر سکی۔ تقریباً 90 فیصد فلم صرف لڑائی کے مناظر پر مشتمل ہے، جن کا کوئی خاص مقصد نظر نہیں آتا۔ ہدایت کاری اور موسیقی بھی مایوس کن ہے، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ فلم زیادہ کامیاب ہوگی۔ ایک اور شائق نے کہا یہ ایک جاسوسی فلم ضرور ہے، لیکن اسے دیکھتے ہوئے کہیں بھی ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ ہم کسی جاسوسی سلسلے کی فلم دیکھ رہے ہیں۔ اس سے بہت زیادہ توقعات نہ رکھیں۔ اگرچہ فلم کی کہانی پر تنقید کی گئی، تاہم عالیہ بھٹ کی ایکشن مناظر میں اداکاری اور بابی دیول کی منفی کردار میں اداکاری کو کافی سراہا گیا۔ بعض ناظرین نے دونوں فنکاروں کی اداکاری کو فلم کا سب سے مضبوط پہلو قرار دیا۔ شیو روائل کی ہدایت کاری میں بننے والی الفاکو یش راج فلمز نے پیش کیا ہے۔ یہ یش راج کی جاسوسی فلموں کی کڑی کی ساتویں فلم ہے، ۔