الوارجن چنچل گوڑہ جیل سے ضمانت پر رہا

   

مشہور فلم اسٹار کے ساتھ جیل میں عام قیدیوں جیسا سلوک
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پشپا2 کے اداکار الوارجن کو ہائیکورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت ملنے کے بعد آج صبح 5 بجکر 20 منٹ پر چنچلگوڑہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جمعہ کو نچلی عدالت نے الوارجن کو 14 دن تک عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ عدالتی حکم وقت پر نہ ملنے پر الوارجن کو رات بھر جیل میں گزارنا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ جیل میں انہیں کوئی وی آئی پی ٹریٹمنٹ نہیں ملا۔ ان کے ساتھ ایک عام قیدی جیسا سلوک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کا قیدی نمبر 7697 تھا۔ چنچلگوڑہ جیل میں انہیں کھانا دیا گیا لیکن انہوں نے نہیں کھایا۔ جیل میں انہیں دیگر تین قیدیوں کے ساتھ 12 گھنٹے گزارنے پڑے۔ جمعہ کی شام 5 بجکر 15 منٹ پر عدالت کے حکم پر انہیں چنچلگوڑہ جیل بھیجا گیا تھا۔ جیل کے اطراف سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا۔ سندھیا 70 ایم ایم تھیٹر کی بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلہ میں ملزم نمبر 11 تھے۔ اس بھگدڑ میں 39 سالہ ریوتی نامی خاتون فوت ہوگئی تھی اور اس کا 9 سالہ لڑکا سری تیج زخمی ہوگیا تھا جو آج بھی دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ نیشنل ایوارڈ یافتہ تلگو اداکار الوارجن کو منجیرا بیراک میں رکھا گیا تھا۔ ہفتہ کی صبح 5 بجکر 20 منٹ پر جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ سیدھا اپنے مکان جوبلی ہلز پہنچے اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 20 سالوں سے سندھیا تھیٹر میں فلموں کا مشاہدہ کرنے جاچکے ہیں۔ اب تک انہوں نے 30 سے زائد فلمیں دیکھی ہے لیکن یہ اتفاقی حادثہ پیش آیا۔ الوارجن نے متوفی خاتون کو 25 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا اور بتایا کہ ان کے خاندان کو جب بھی ضرورت ہوگی تب وہ ہمیشہ حاضر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ جیل میں گزارا گیا وقت پر سوال کرنے پر انہوں نے جواب نہیں دیا۔ ش