چناری کنٹہ ایف ٹی ایل میں تین عمارتیں منہدم کردی گئیں
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) الوال میں چناری کنٹہ کے ایف ٹی ایل میں 3عمارتوں کو ’حیدرا‘ نے محکمہ مال ‘ محکمہ زراعت کے علاوہ محکمہ پولیس کی موجودگی میں منہدم کرکے تالاب کے شکم کو بحال کرنے اقدامات کئے ہیں۔ چناری کنٹہ میں قبضہ جات کی عوامی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ’حیدرا‘ نے تین عمارتوں کو منہدم کرکے پانی جمع ہونے کے قدرتی راستہ کو بحال کیا ہے ۔بتایاگیا کہ مقامی عوام نے ان تعمیرات کے سبب بارش کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ و سیلاب کی صورتحال پر ’حیدرا‘ سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی تھی جس پر ’حیدرا‘ نے محکمہ مال‘ محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ہمراہ ان تعمیرات کا جائزہ لینے کے بعد منہدم کردیا ۔ذرائع کے مطابق مقامی عوام نے ان غیر مجاز تعمیرات کے سبب مشکلات اور پانی جمع ہونے سے نقصانات کے متعلق تفصیلات ’حیدرا‘ کو پیش کرکے چناری کنٹہ کے طول و عرض کے متعلق دستاویزات بھی پیش کی تھیں۔ الوال میں ’حیدرا‘ کی اس کارروائی میں بلڈرس نے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جسے ’حیدرا‘ نے پولیس کی مدد سے ناکام بنادیا ۔بتایاجاتا ہے کہ اس کارروائی پر الوال کے عوام نے خوشی کا اظہار کرکے کہا کہ ایف ٹی ایل میں ان غیر قانونی عمارتوں پر مسلسل شکایات کے بعد انہدام کو یقینی بنایا گیا ۔ ’حیدرا‘ نے دونوں شہروں و آؤٹر رنگ روڈ حدود میں تالابوں اور ماحولیات کے تحفظ میں چوکنا رہیں اور اگر کسی مقام پر تالابوں پر قبضہ یا قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہوتی ہے تو ’حیدرا‘ کو مطلع کریں ۔3