ممبئی: سابق ممبرپارلیمنٹ اور ہر دلعزیز سیاسی رہنماء الیاس اعظمی سیاسی وسماجی سوجھ بوجھ رکھنے والی ایک عظیم شخصیت تھے ،جو زندگی کے ہر ایک پہلو پر گہری نظر رکھتے تھے ،خصوصی طور پر سیاست،تاریخ اور سماجی انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم مسائل کے تعلق سے ان کی گرفت کافی مضبوط رہی اور ساری عمر اس اقلیتوں ،دبے ،کچلے اور پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرتے رہے ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ مرحوم الیاس اعظمی کے تعزیتی اجلاس میں ریاستی اور قومی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔اور یہ بھی اظہار کیا گیا کہ ملک کی موجودہ سنگین صورتحال میں آج شدت سے ان کی کمی محسوس ہورہی ہے ۔مہاراشٹر کے کابینی وزیر اور سنئیر رہنماء چھگن بھجبل نے اپنے اچھوتے انداز میں یہ کہہ کر سب کا دل جیت لیا کہ “مرحوم الیاس اعظمی ایسی شخصیت کے مالک تھے جو جب بھی سامنے آجائے تو ان کے پیر چھونے کو دل چاہتا ہے اورپندرہ بیس سال کے تعلقات کے دوران میں نے محسوس کیا کہ وہ ملک کی سیاست کے ہر ایک پہلو سے واقف ہیں اور اس پر کسی بھی موقع پر مدلل بولنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔