الیکشن کا مقصد عوام کو مشکل سے نکالنا : بلاول بھٹو

   

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم عوام کو مشکل سے نکالنے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں۔پشاور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری انتخابی مہم سب سے پہلے شروع ہوئی تھی، میں اس صوبے میں 10 کنونشنز پہلے سے کر کے پنجاب اور سندھ سے ہوتے ہوئے واپس یہاں آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن تو قریب آگئے ہیں، پتا نہیں ان کا کیا ہوگا جو سردی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے؟ پتا نہیں ان کا کیا ہوگا جو نومبر کے انتخابات اور ضمنی انتخابات سے بھاگتے رہے مگر ہماری وجہ سے ان سب کو الیکشن لڑنا پڑ رہا ہے۔مزید بتایا کہ ہم ڈرنے، گھبرانے اور بھاگنے والے نہیں، یہ سر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا، ہم ذوالفقار بھٹو، بی بی شہید کی تعلیمات پر عمل کرنے والے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو مشکل سے نکالنے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا ایک طرف معاشی بحران ہے تو دوسری طرف وہ دہشت گرد جن کو شکست دلوائی تھی وہ دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔ان کا دعویٰ تھا کہ ہم معاشی انقلاب لے کر آئیں گے۔