الیکشن کمیشن کی جانب سے عہدیداروں کیلئے ٹریننگ پروگرام

   

ریاستی و ضلعی سطح پر انعقادکی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے بموجب 2024 ء عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ریاستی سطح کے ماسٹر ٹرینرس کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ٹریننگ پروگرام منعقد کیا ۔ مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے ریاستی حکومت کے عہدیداروں کو یہ ٹریننگ دی گئی جن کا تعلق تمام اضلاع سے ہے ۔ الیکشن کے انعقاد سے متعلق تمام امور کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا اور عملی تربیت کا اہتمام کیا گیا۔ عہدیداروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا ۔ پرچہ نامزدگی کی قبولیت ، مسترد کرنا اور جانچ کے طریقہ کار کی تربیت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ پلان کی تیاری اور حساس علاقوں میں پولنگ بوتھ پر رائے دہی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی سے واقف کرایا گیا۔ پیڈ نیوز اور میڈیا سے متعلق شکایات کی وضاحت کی گئی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشن اور وی وی پیاٹ کی گنتی کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا۔ یہ عہدیدار دوسرے مرحلہ میں اپنے متعلقہ اضلاع کے عہدیداروں کو ٹریننگ دیں گے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے خطاب میں کہا کہ رائے دہی اور انتخابات کے کامیاب انعقاد میں مناسب منصوبہ بندی اور ٹریننگ کارگر ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ہر سطح پر عہدیداروں کے لئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ر