الیکشن کمیشن کی مودی کے معاملے میں مجرمانہ خاموشی :مجید میمن

   

ممبئی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس بھی جاری کیا ہے لیکن اب تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ملک کی عوام الیکشن کمیشن جیسے غیر جانبدار ادارہ سے یہ جاننا چاہتی ہے کہ آخر اس معاملے میں الیکشن کمیشن خاموش کیوں ہے ۔ کیا وزیر اعظم اس قانون کے زد میں نہیں آتے ہیں ان خیالات کا اظہار آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایڈوکیٹ مجید میمن نے ممبئی میں اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گجرات میں ووٹ ڈالنے کے بعد وزیر اعظم نے ایک منی روڈ شو کیا تھا جو کہ ضابطہ اخلاق کے خلا ف تھا نیز مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ عوام سے ان کا پہلا ووٹ پلوامہ اہور بالا کوٹ کے شہیدوں کے نام پر طلب کر رہے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں رہنمایانہ اصول مرتب کیئے ہیں اور ایسے معاملات میں سیاسی پارٹیوں کو وارننگ دیتے ہوئے ووٹ طلب کرنے کیلئے منع کیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی وزیر اعظم دھڑلے سے شہید فوجیوں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں اور الیکشن کمیشن ایک خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔