الیکشن کمیشن کے خلاف چارمینار کے قریب احتجاج کو پولیس نے روک دیا

   

ترنگا لہرانے کی مہم کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔17۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ملک بھر میں جاری الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف احتجاج کے دوران تاریخی چارمینار پر احتجاج کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔ محکمہ پولیس نے تاریخی چارمینار کے دامن میں ترنگالہرانے کے لئے پہنچے نوجوانوں کو روکتے ہوئے انہیں کسی اور مقام پر اپنے پروگرام کو منتقل کرنے کی ہدایت دی تاکہ کسی بھی طرح کا نقص امن پیدا نہ ہو۔ کاکروچ جنتا پارٹی نے گذشتہ یوم ملک بھر میں ترنگا لہرانے کا اعلان کرتے ہوئے ہندستان کے مختلف مقامات پر احتجاج منظم کیا تھا لیکن چارمینار کے دامن میں احتجاجی پروگرام کی اجازت نہ لئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے اس پروگرام کو روکتے ہوئے نوجوانوں کو وہاں سے ہٹادیا۔ تلنگانہ کاکروچ پارٹی کے ذمہ داروں نے ریاست میں کانگریس کی زیر قیادت حکومت کے تحت خدمات انجام دینے والی پولیس کی جانب سے ترنگا لہرانے کے پروگرام کو انجام دینے سے روکنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف جاری ہر احتجاج کو ’’ایک ‘‘ احتجاج قرار دیئے جانے کے باوجود تلنگانہ میں حیدرآباد پولیس انتظامیہ کی جانب سے ترنگالہرانے کو روکا جا رہاہے جو کہ افسوسناک ہے۔ دہلی ‘ ممبئی ‘ بنگلورو کے علاوہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں کانگریس کی طلبہ تنظیموں نے بھی ’ترنگا لہرانے ‘ کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنایا لیکن ریاست میں کانگریس کے اقتدار کے باوجود ترنگا لہرانے سے روک دیئے جانے پر مختلف گوشوں سے تنقید کی جانے لگی ہے اور الزام عائد کیا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت امن و ضبط کے نام پر جہدکاروں اور ہندستانی شہریوں کے حق اظہار خیال کی آزادی پر حملہ کرنے کی مرتکب بن رہی ہے جبکہ پولیس اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و ضبط کی برقراری کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے لیکن کسی بھی طرح کے احتجاج اور اظہار خیال کی آزادی کو سلب کرنے سے گریز کرے۔3/a/b