امارات میں نوکری کے خواہشمندوں کو 3 شرائط پر خصوصی ویزا

   

ابوظہبی ۔ متحدہ عرب مارات میں روزگار کے خواہشمند افراد کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی، نوکری کے خواہشمند افراد کو تین شرائط پوری کرنے پر خصوصی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق امارات کی کابینہ نے ملک میں غیر ملکیوں کی آمد اور اقامہ قانون کا جو لائحہ عمل جاری کیا ہے اس میں ملازمت کے لیے خصوصی ویزے کے اجرا کی سہولت دی گئی ہے،ملازمت کرنے والوں کو اسپانسر حاصل کرنا نہیں پڑے گا۔ پہلی شرط یہ ہے کہ امیدوار اماراتی وزارت افرادی قوت کے پاس رجسٹرڈ اول، دوم یا سوم درجے کے ہنر مندوں میں سے ایک ہو۔ دوسری شرط یہ ہے کہ اگر امیدوار ہنرمندوں میں سے نہ ہو تو وزارت تعلیم و تربیت کی درجہ بندی کے مطابق دنیا کی 500بہترین جامعات میں سے کسی ایک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو اور یونیورسٹی سے گریجویشن کو 2سال سے زیادہ نہ ہوئے ہوں۔ لائحہ عمل میں ملازمت کے ویزے کے اجرا کے حوالے سے تیسری بات یہ کہی گئی ہے کہ اس پر عمل درآمد ستمبر کے آغاز سے ہوگا۔ امیدوار کم از کم گریجویٹ ہو یا اس کے برابر ڈگری ہولڈر ہو۔ تیسری شرط یہ ہے کہ مقررہ مالی ضمانت فراہم کرے، وفاقی ادارہ برائے قومی شناخت و شہریت و کسٹم متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد غیر ملکی امیدوار کو ملازمت کے مواقع کی تلاش کے لیے وزٹ ویزے کے اجرا کی منظوری دے سکتا ہے۔