امارات کے صدر سے ایران کےاعلیٰ سکیورٹی عہدیدار شمخانی کی ملاقات

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے جمعرات کو ابوظبی میں ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے ملاقات کی ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق انھوں نے دوطرفہ تعلقات اورمشترکہ مفادات کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور اورخطے میں ہونے والی پیش رفت سمیت امن اور تعاون کی حمایت میں مشترکہ کام کرنے کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔اس ملاقات میں یواے ای کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان سمیت متعدد سینئر حکام نے شرکت کی۔انھوں نے علی شمخانی سے الگ سے بھی ملاقات کی ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق شمخانی نے شیخ طحنون سے ملاقات میں کہا کہ غیرملکیوں کودوسرے ممالک میں غیرتعمیری کردارادا کرنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہاکہ ہمیں مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے خطے کے عوام کی سلامتی، امن اور فلاح و بہبود کوفروغ دینے کوشش کرنی چاہئے۔