مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کو ریزرویشن کی اجازت نہیں دی جائے گی: مودی

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے تحفظات مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کو دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مودی نے کہا کہ 2004-2009 میں تلنگانہ میںکانگریس نے مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کے احکامات راتوں رات جاری کئے ۔ ظہیر آباد میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہے مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی اجازت نہیں دیں گے۔ مودی نے کہا کہ کانگریس کی پچھلی حکومتوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا اور قرض کے گڑھے میں ڈھکیل دیا تھا لیکن بی جے پی حکومت نے ملک کو اس دلدل سے نکالا۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کا نام لئے بغیرمودی نے کہا کہ موجودہ ڈبل آر حکومت بھی تلنگانہ کو لوٹنا چاہتی ہے۔مودی نے کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس ایک ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں تیسری میعاد میں ملک کو مزید ترقی دی جائے گی۔ مودی نے لوک سبھا حلقہ ظہیر آباد اور لوک سبھا حلقہ میدک کے امیدواروں بی بی پاٹل اور رگھونندن راؤ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔