امام بخاریؒ کی فقہی بصیرت کا سرچشمہ امام اعظم ابوحنیفہؒ اور فقہائے حنفیہ

   

جامعہ نظامیہ میں درس بخاری شریف سے مولانا مفتی خلیل احمد اور علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری ۔ ( پریس نوٹ ) ۔ بخاری شریف کی امتیازی خصوصیات کے سبب اسے قرآن مجید کے بعد صحیح ترین کتاب قرار دیا جاتا ہے ۔ فن اسما الرجال کی تدوین ، چھ لاکھ راویوں کے احوال کی تحقیق اور جرح و تعدیل کے فن پر نظر ڈالی جائے تو فن حدیث کی عظمت کا اندازہ ہوگا ۔ بخاری شریف کی فقہی بصیرت کا سرچشمہ دراصل امام اعظم ابوحنیفہ ؒ اور فقہائے حنفیہ کی کتب ہیں ۔ حدیث شریف کی تحصیل کے سلسلہ میں امام بخاری ؒ کی جانفشانی اور اسفار کو دیکھا جائے تو بخاری کی عظمت کا صحیح اندازہ ہوگا ۔ یہ حقیقت ہے کہ تدوین بخاری شریف سے پہلے ہی فقہ حنفی کو شہرت دوام حاصل ہوچکی تھی ۔ سائنس آخر کار اسلامی نظریات کی توثیق کرتی ہوئی نظر آتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ نظامیہ میں درس ختم بخاری شریف کے موقع پر شیوخ کرام نے کیا ۔ مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے طلباء کو تلقین کی کہ وہ عصر حاضر کے چیلنجس کو محسوس کریں اور دین کے دفاع کے لیے اپنے اندر استعداد پیدا کریں ۔ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ شیخ الادب ونائب شیخ الجامعہ نے خیر مقدم کیا اور اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جامعہ نظامیہ علوم و فنون کی خصوصیت تدریس کے سبب عالم اسلام میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے ۔ مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری رکن جامعہ نظامیہ نے اسفار امام بخاریؒ اور تحصیل حدیث کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علوم اسلامیہ کے لیے سفر کرنا کتاب و سنت سے ثابت ہے اس کی بڑی تاکید و فضیلت ہے ۔ مولانا سید صغیر احمد شیخ الحدیث نے فن حدیث اور امام بخاری کی شان کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بخاری شریف میں 9 ہزار سے زائد احادیث ہیں ۔ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ و مفتی جامعہ نظامیہ نے امام بخاری ؒ کے فقہی مقام کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ امام بخاری کا حدیث شریف کے حوالے سے بہت زیادہ شہرہ ہے ۔ آپ نے اپنی کتاب کو 6 لاکھ حادیث کے مجموعہ سے منتخب فرمایا ۔شیخ الجامعہ کے دست مبارک سے اردو ترجمہ رسالہ شروط الائمۃ الستۃ کا رسم اجراء عمل میں آیا ۔ شیخ الجامعہ نے طلباء فاضل سندی کو اپنی جانب سے اجازت حدیث کی سند عطا کی ۔ مولانا حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر نے ختم بخاری شریف کے موقع پر پڑھی جانے والی خصوصی دعا کی۔ جناب احمد محی الدین خاں معتمد جامعہ نظامیہ نے شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا ۔ مولانا محمد انوار احمد نائب شیخ التفسیر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ۔