عالم اسلام کیلئے دعاء کی اپیل، عازمین کے رہائشی عمارتوں کا مشاہدہ
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے مدینہ منورہ میں امام مسجد نبویؐ فضیلۃ الشیخ عبدالمحسن القاسم سے ملاقات کی۔ حرم نبویؐ میں واقع امام کے دفاتر میں یہ ملاقات ہوئی جس میں محمد سلیم نے عازمین عمرہ کیلئے حکومت سعودی عرب کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امام مسجد نبوی ؐ عبدالمحسن القاسم سے درخواست کی کہ عالم اسلام اور خاص طور پر ہندوستان میں مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعاء کریں۔ امام مسجد نبویؐ نے الحاج محمد سلیم کو دعائیں دیں اور صدرنشین حج کمیٹی کی حیثیت سے عازمین حج کی بہتر خدمت انجام دینے کا مشورہ دیا۔ محمد سلیم کو مسجد نبویؐ کے عہدیداروں نے ریاض الجنہ میں عبادت اور دعاء کا موقع فراہم کیا جبکہ اس علاقہ کو حالیہ عرصہ میں بند کردیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے مدینہ منورہ میں عازمین حج کیلئے حاصل کی جارہی رہائشی عمارتوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے رباط کے سلسلہ میں ناظر حسین الشریف سے بات چیت کی۔ محمد سلیم اتوار کی صبح مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ر