امانت اللہ خان کوضمانت کے بعدپھر ای ڈی کاسمن

,

   

منی لانڈرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کرانے آج پیش ہونے کی ہدایت

نئی دہلی : ای ڈی نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو ان کی صدارت کے دوران دہلی وقف بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 29 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کیلئے کہا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی مرکزی ایجنسی نے امانت اللہ خان سے تقریباً 13 گھنٹے کی تفتیش کی تھی، جبکہ عدالت نے گزشتہ روز ہی انہیں ای ڈی کی جانب سے درج شکایت میں ضمانت دی تھی۔ ای ڈی نے انہیں 29 اپریل کو پیش ہونے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون کی دفعات کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے کہا ہے۔ اسی سے متعلق ایک معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے امانت اللہ کو ای ڈی کے ذریعہ سمن کو نظر انداز کرنے کیلئے دائر ایک کیس میں ضمانت دی ہے۔ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا نے امانت اللہ کو 15,000 روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت پر رہا کیا تھا۔ امانت اللہ خان 18 اپریل کو ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے تھے جب سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔گزشتہ ہفتے سماعت کیلئے ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عآپ ایم ایل اے نے دعوی کیا تھا کہ جب وہ وقف بورڈ کے چیئرمین تھے تو انہوں نے قواعد کی پیروی کرتے ہوئے، قانونی رائے لینے کے بعد 2013 کے نئے ایکٹ کے مطابق کام کیا تھا۔ واضح رہے کہ امانت اللہ اور ان کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ سی بی آئی کی ایف آئی آر اور دہلی پولیس کی تین شکایات سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ امانت اللہ نے دہلی وقف بورڈ میں ملازمین کی غیر قانونی بھرتی کے ذریعے نقد رقم لی تھی اور اس رقم کو اپنے ساتھیوں کے نام پر غیر منقولہ جائیداد خریدنے میں استعمال کیا تھا۔