حیدرآباد ۔19۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت جواہر لال نہرو آرکیٹکچر اینڈ فائن آرٹس یونیورسٹی کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کیمپس واقع جوبلی ہلز میں منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آرکیٹکچر اور فائن آرٹس یونیورسٹی کی منتقلی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اوپن یونیورسٹی کے کیمپس میں 10 ایکر اراضی فائن آرٹس یونیورسٹی کو الاٹ کی جائے گی ۔ توقع ہے کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کو منظوری دی جائے گی۔ حکومت فائن آرٹس یونیورسٹی کے موجودہ کیمپس کو تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کے حوالے کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت نے حال ہی میں ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار اے مرلی کی صدارت میں تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن تشکیل دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ تعلیم نے سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی کے آفس کو ایجوکیشن کمیشن کیلئے الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعد میں یہ آفس حکومت کے مشیر جتیندر ریڈی کو الاٹ کیا گیا ۔ بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی 1982 میں متحدہ آندھراپردیش میں 53.63 ایکر اراضی پر قائم کی گئی ۔ 1991 میں اسے ڈاکٹر بی آر ایس امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا نام دیا گیا۔ یونیورسٹی کی اراضی پر غیر مجاز قبضے ہوچکے ہیں اور اراضی کا کچھ حصہ ٹی سیاٹ کو الاٹ کیا گیا ۔ اوپن یونیورسٹی کے ملازمین کیمپس میں فائن آرٹس یونیورسٹی کی منتقلی کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ ٹکنیکل اسٹاف نے حکومت کے منصوبہ کی مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے فیصلہ سے اوپن یونیورسٹی کی کارکردگی متار ہوگی۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو یاددشت پیش کی جائے گی۔ 1