حیدرآباد 23 جولائی ( سیاست نیوز ) جناب امجد اللہ خاں خالد ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے سیول سپلائز آفس سرکل 1 کا دورہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپلائی آفیسر اور محکمہ کے دوسرے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر امجد اللہ خاں خالد نے وہاں اپنے مسائل کے ساتھ رجوع ہوئے عوام سے بھی ملاقات کی اور اسسٹنٹ سپلائی آفیسر سرکل 1 سے بات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی جلد یکسوئی کیلئے نمائندگی کی ۔ امجد اللہ خاں خالد نے بتایا کہ ای سیوا ۔ می سیوا اور دوسرے آن لائین طریقوں سے جو درخواستیں داخل کی جا رہی ہیں ان میں خامیاں پائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے کچھ علاقوں کی درخواستوں کو تحصیلدار چارمینار سے رجوع کردیا گیا ہے اور یہ ای سیوی ۔ می سیوا آپریٹرس کی غلطی ہے ۔ یہ درخواستیں حالانکہ سرکل 1 سے تعلق رکھتی ہیں لیکن انہیں سرکل 2 سے رجوع کردیا گیا ہے ۔ متعلقہ عہدیدار اپنا سرکل نہ ہونے کی وجہ سے انکوائری نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال شہر کے تمام 12 سرکلوں میں پیش آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں درخواستوں کی جانچ نہیں ہو رہی ہے ۔ امجد اللہ خاں خالد نے مسٹر ڈی ایس چوہان آئی پی ایس کمشنر سیول سپلائز سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسی تمام درخواستیں متعلقہ سرکل سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے اور حقیقی ضرورتمند افراد کو راشن کارڈز حاصل ہوسکیں۔ امجد اللہ خاں خالد نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کچرا اٹھانے کیلئے جو گاڑیاں دی گئی ہیں ان کے مالکین کو بھی راشن کارڈز جاری نہیں کئے جا رہے ہیں جبکہ یہ گاڑیاں بلدیہ نے مفت دی ہیں۔ اس طرح کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے پرزور نمائندگی کی ۔