امرتسر میں لشکر طیبہ کے دو دہشت گرد گرفتار

   

امرتسر: امرتسر، پنجاب میں اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل (ایس ایس او سی) نے ہفتہ کو مرکزی ایجنسی کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ ایس ایس او سی نے دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے دو آئی ای ڈیز، دو دستی بم، ایک پستول، دو میگزین، 24 زندہ کارتوس، ایک ٹائمر سوئچ، آٹھ ڈیٹونیٹر اور چار بیٹریاں برآمد کیں۔ دونوں دہشت گرد پنجاب میں کسی بڑی واردات کو انجام دینے والے تھے ۔ دہشت گرد ماڈیول لشکر طیبہ کے سرگرم رکن فردوس احمد بھٹ کے زیر کنٹرول تھا۔ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر گورو یادو نے ایکس پر اس کی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ایک بڑی کامیابی میں، ایس ایس اوسی امرتسر نے مرکزی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں ایک ایل ای ٹی ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جو جموں و کشمیر کے رہنے والے ہیں۔