امریکہ،امارات،بحرین اوراسرائیل کے قومی سلامتی مشیروں کاتبادلہ خیال

   

واشنگٹن : امریکہ، متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیروں نے جمعرات کو ایک ہائبرڈ اجلاس منعقد کیا ہے۔اس میں علاقائی سطح پر روابط وتعاون کو مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال کیاگیا ہے جبکہ بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کومعمول پر لانے والے عرب ممالک کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔اس اجلاس میں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان،ان کے اسرائیلی ہم منصب نے بہ نفس نفیس شرکت کی جبکہ بحرین کے مشیر شیخ ناصربن حمد آل خلیفہ اور متحدہ عرب امارات کے شیخ طحنون بن زاید نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ چاروں ممالک کے مشترکہ بیان کے مطابق اجلاس میں صاف توانائی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، علاقائی سلامتی اور تجارتی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔انھوں نے معاہدہ ابراہیم (ابراہام معاہدہ) پر دستخط کے بعد سے حاصل ہونے والی پیشرفت کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ امریکہ کی سابق ٹرمپ انتظامیہ کی ثالثی میں یہ امن معاہدہ طے پایا تھا۔
اجلاس میں آئی 2 یو 2 سمیت ’’امیدافزا نئی شراکت داری‘‘ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
اس گروپ میں غذائی تحفظ کے بحران سے نمٹنے کیلئے امریکہ، ہندوستان، متحدہ عرب امارات اوراسرائیل شامل ہیں۔