امریکہ ، ایران سے غیرمشروط بات چیت کیلئے تیار : اورناگس

   

واشنگٹن۔ 17جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی پیشگی شرائط کے ایران سے بات چیت کے لئے تیار ہے ، لیکن ایران کو دکھانا ہوگا کہ وہ اس طرح کی بات چیت کے لئے تیار ہے ۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگس نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے یہ باتیں کہیں۔ اورٹاگس نے کہا‘‘ہمارا پیغام یہ ہے کہ ہم ایران سے بات کرنے کے خواہشمند ہیں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کئی بار کہہ چکے ہیں کہ غیرمشروط بات چیت کرنے تیار ہیں۔ ایران کو صرف اتنا دکھانا ہوگا کہ کیا وہ اس طرح کی بات چیت کے لئے تیار ہے‘‘۔قابل ذکر ہے کہ خلیج عمان میں گذشتہ ماہ آبنائے ہرمز کے قریب دو تیل ٹینکروں والٹیئر اور کوککا کریجئیس میں دھماکے کے واقعہ اور ایران کی طرف سے امریکہ کے انٹیلی جنس ڈرون طیارے کو مار گرانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔گذشتہ ہفتے ایران نے بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کے تحت یورینیم افزودگی میں اضافہ کی طے کی حد کو پار کر لیا ہے ۔ایران نے 3.67 فیصد کی مقررہ حد سے تجاوز کر اپنا یورینیم اضافہ 4.5 فیصد تک کر لیا ہے ۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) نے اس کی تصدیق بھی کی ہے ۔قابل غور ہے کہ سال 2015 میں ایران نے امریکہ، چین، روس، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت ایران نے اس پر عائد اقتصادی پابندیوں کو ہٹانے کے عوض اپنے نیوکلیئر پروگرام کو محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔