امریکہ اور طالبان میں ہفتہ کو معاہدہ متوقع

   

دوحہ ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور طالبان کے درمیان ہفتہ /29 فبروری کو ایک معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے جس کے تحت امریکہ افغانستان سے مرحلہ وار اپنی فوجوں کی واپسی کرے گا اور کابل حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہوں گے ۔ اس معاہدہ پر دستخط سے افغانستان میں نئے دور کے آغاز کی امیدیں کی جارہی ہیں جو تقریباً 40 برسوں سے جنگی حالات سے متاثر ہے ۔ طالبان کے ارادوں اور افغانستان کے پھر ایک مرتبہ سیاسی بحران کا شکار ہونے سے اس معاہدہ کی تکمیل پر غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے ۔ امریکہ اور طالبان کے درمیان گزشتہ ایک سال سے بات چیت کے مراحل کے بعد اس معاہدہ پر دوحہ ۔ قطر میں ہفتہ کو دستخط ہونا ہے ۔ افعانستان میں مسلسل تشدد کے واقعات کے باعث اس معاہدہ پر دستخط پر تاخیر ہوئی ہے ۔ اگرچہ معاہدہ کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے ۔ تاہم توقع کی جارہی ہے کہ امریکہ ، افغانستان سے اپنی فوجوں کو واپس بلانا شروع کردے گا ۔ افغانستان میں اس وقت 12 تا 13 ہزار امریکی فوج ڈیرے کئے ہوئے ہے ۔