واشنگٹن: امریکہ کے زیرِ انتظام جزیرے پورٹو ریکو میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوگئی، جس کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ پورٹو ریکو میں پاور گرڈ کی خرابی کے باعث جزیرے کے بڑے حصے میں بجلی معطل ہوگئی، جس سے تقریباً 14 لاکھ صارفین متاثر ہوگئے ہیں۔پورٹو ریکو کے گورنر پیڈرو پیئرلویسی کا سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ جزیرے میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی بجلی کے نظام کی بحالی اور جزیرے میں جلد از جلد بجلی کی فراہمی کیلئے کام کررہی ہے ۔پورٹو ریکو میں مکمل بلیک آؤٹ منگل کی صبح 5:30 بجے شروع ہوا تھا۔ گزشتہ برس بھی امریکہ کی مغربی ریاستوں میں ‘بم سائیکلون’ سے تباہی پھیل گئی تھی جس کے نتیجہ میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی تھی۔مغربی ریاستوں میں بم سائیکلون نامی طاقت ور طوفان نے تباہی مچا دی تھی، مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک ہو ئے ، واشنگٹن میں 6 لاکھ گھروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی تھی۔ انٹرنیٹ سروس بھی بند ہو گئی تھی، ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا۔اس طوفان کو ‘بم سائیکلون’ کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ بہت مختصر وقت میں نہایت سرعت سے شدت اختیار کر لیتا ہے ، یہ طوفان اوریگون، واشنگٹن اور کیلیفورنیا میں 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ بارش اور ہوائیں لے کر آیا۔ واشنگٹن میں ایک خاتون اس وقت ہلاک ہو گئی جب ایک درخت بے گھر لوگوں کے کیمپ پر گرا، اور دوسری خاتون سیاٹل کے مشرق میں اس وقت ہلاک ہو گئی جب ایک درخت اس کے گھر پر گرا۔بہت سے علاقوں میں مضبوط درخت بھی جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں یا گھروں پر گرے ، اور بڑی تعداد میں کاریں اور بسیں ان کی زد پر آئیں، بجلی کی لائنوں کو بھی اس سے شدید نقصان پہنچا ہے ۔