امریکہ میں سمندری طوفان ’زیٹا‘ سے سا حلی ریاستوں میں تباہی

,

   

6افراد ہلاک، درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے عوام کو مشکلات

واشنگٹن:امریکی خلیج کے ساحلوں کے ساتھ واقع وسطی بحر اقیانوس کی ریاستوں میں سمندری طوفان زیٹا کے ساتھ چلنے والی تیزہواؤں، جھکڑوں اور شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکہ کے سمندری طوفانوں سے متعلق قومی مرکز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ زیٹا اس وقت ریاست ورجینیا اور نارتھ کیرولائنا کی سرحد پر موجود ہے جس میں ہواؤں کی رفتار مسلسل 85 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور وہ تیزی سے شمال مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے۔زیٹا دوسرے درجے کی طاقت کے ساتھ امریکی خلیج کی ساحلی ریاستت لوزیانا سے ٹکرایا تھا۔نیو آرلینز کے ایک رہائشی ول آروٹ نے بتایا کہ جھکڑوں کے ساتھ جب شاہ بلوط کا ایک درخت اس کے گھر سے ٹکرایا تو ایسی آواز آئی جیسے کوئی بم پھٹ گیا ہو۔ درخت کے ٹکرانے سے اس کی کار اور گھر کا ایک کونا تباہ ہو گیا۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آروٹ کا کہنا تھا کہ مجھے توقع نہیں تھا کہ یہ کچھ ہو گا۔ لیکن جب میں نے اسے یہاں اپنی آنکھوں کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا تو وہ مجھے سخت نوعیت کا طوفان دکھائی دیا۔زیٹا کے نتیجے میں ورجینیا اور واشنگٹن میں ایک سے تین انچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس سے قبل طوفان زیٹا ریاست لوزی آنا کے شہر نیو آرلینز سے براہ راست ٹکرانے کے بعد مزید مشرق میں ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کی طرف بڑھ گیا تھا۔ یہ کیٹیگری دو کا بہت طاقت ور طوفان تھا ۔