امریکہ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، 9 پولیس اہلکار زخمی

   

نیویارک:امریکہ کی جنوب مغربی ریاست ایریزونا کے دارالحکومت فونیکس میں ناکہ بندی کی صورتحال کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور مشتبہ مسلح شخص سمیت 2 افراد ہلاک اور 9 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔فونیکس پولیس کے سربراہ جیری ولیمز نے مقامی ٹی وی چینلز پر نشر ہونیوالی نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ڈیوٹی کے دوران گولی لگنے کے باعث 5 پولیس اہلکار ہسپتال میں داخل ہیں۔ ان میں چار صحت یاب ہو رہے ہیں اور پانچواں شدید زخمی ہے لیکن اس کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔جیری ولیمز کے مطابق پولیس کو 51 ویں ایونیو اور لوئر بکی روڈ کے نزدیک ایک گھر میں فائرنگ کی کال موصول ہوئی۔ مدد کیلئے پہنچنے پر مشتبہ شخص کی جانب سے ایک پولیس اہلکار کو متعدد گولیاں ماری گئیں۔جیری ولیمز نے بتایا کہ گھر میں ایک بچہ بھی تھا جسے کسی وقت ایک کیرئیر میں رکھ کر باہر رکھا گیا تھا۔جیسے ہی اہلکار بچے کو حفاظتی تحویل میں لینے کیلئے گئے تو مشتبہ شخص نے 4 دیگر اہلکاروں پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے انہیں بھی زخمی کرنا شروع کر دیا جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ شروع کی۔حکام نے بعدازاں تصدیق کی ہے کہ اس واقعہ کے دوران چار دیگر پولیس اہلکار بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔