واشنگٹن ۔ امریکہ میں18اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران تقریبا 80ہزار بچوں میں کوویڈ۔19 کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ امریکہ کی اکیڈمی آف پیڈیا ٹرکس(اے اے پی)اور چلڈرن ہسپتال ایسوسی ایشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق وباکیآغاز سے لے کر اب تک امریکہ میں تقریبا 1کروڑ 44 لاکھ بچوں میں کوویڈ۔19 کے مثبت ٹیسٹ رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 4 ہفتوں میں بچوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد3لاکھ 58ہزار رہی جبکہ رواں سال اب تک تقریبا65 لاکھ بچے اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔اے اے پی کے مطابق، وبا کے آغاز کے بعد سے امریکہ میں کوویڈ۔19 کے مجموعی کیسز میں بچوں کا تناسب 18.4 فیصدہے۔ 2020 میں جب چین سے کورونا وباء پھیلنا شروع ہوئی تھی اس وقت امریکہ ہی وہ واحد ملک تھا جو چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا جہاں ہلاکتوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی تھی تاہم امریکی انتظامیہ نے وباء پر قابو پانے کی کامیاب کوشش کی اور لوگوں کو ویکسین دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اس کے باوجود بچوں میں کورونا کے پھیلتے ہوئے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے حکومت ایک بار پھر سرگرم ہوگئی ہے۔