نئی دہلی؍واشنگٹن: امریکہ میں ہندوستانی سفارتخانے نے امتحان سیشن سے قبل امریکی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہندوستانی طلباء کے ساتھ ایک مکالمے کا اہتمام کیا اور انہیں اس دوران اپنے امتحانات کی تیاری پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔اس بحث میں سفارتکاروں نے طلباء کو یہ بھی بتایا کہ ضرورت پڑنے پر وہ ہندوستانی سفارتخانہ اور قونصل خانے کے عہدیداروں سے کس طرح رابطہ کرسکتے ہیں۔یہ بحث ایک ایسے وقت میں ہوئی جب امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں اسرائیل اور یہودی برادری کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ واشنگٹن میں ہندوستانی سفارتخانے نے اتوار کو کہا کہ یہ بات چیت آن لائن میڈیم کے ذریعہ ہوئی۔ انہوں نے ضرورت پڑنے پر امریکہ میں ہندوستانی سفارتخانے اور قونصلر مشن کے ساتھ رابطے میں رہنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔