امریکہ و اسرائیلی حملوں سے 270 ارب ڈالرکا نقصان

,

   

ایران کی خلیجی ممالک سے بھی ہرجانہ دینے کی مانگ
تہران۔14؍اپریل ( ایجنسیز )ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ایک بیان میں بتائی۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ یہ تخمینہ براہِ راست اور بالواسطہ دونوں طرح کے نقصانات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے جس میں انفراسٹرکچر، معیشت اور دیگر شعبوں کو پہنچنے والے اثرات شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ ایران کیلئے ایک اہم معاملہ ہے جسے اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ اور ایران کے مذاکرات میں بھی اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق ہرجانے کا مطالبہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی 10 نکاتی شرائط میں شامل ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے انتونیو گوتریس کے نام ایک خط میں خلیجی ممالک، جن میں قطر، سعودی عرب، بحرین، امارات اور کویت شامل ہیں سے بھی جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔