امریکہ کا افغانستان میں فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر غور وخوض

   

واشنگٹن، 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے پر غور کررہا ہے ، جسکے لئے حکام کئی طریقۂ کار کا جائزہ لے رہے ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے امریکی فوجیوں کی تعداد کم کی جائے ، تاہم انہوں نے حتمی تعداد نہیں بتائی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اختیارات ہیں۔ اس وقت افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد 13ہزار ہے جن میں سے 5 ہزار سیکورٹی سے متعلق آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ باقی اہلکار افغان سیکورٹی فورسز کی تربیت، مشورے اور مدد کے لئے ناٹو مشن کا حصہ ہیں۔اس موقع پر امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا کہ میں بھی چاہتا ہوں کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کی جائے ۔