امریکہ کا چین سے درآمدات پر10 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان

   

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے، جو 4 مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کینیڈا اور میکسیکو پر بھی مجوزہ ٹیرف کا نفاذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پہلے مؤخر کر دیا گیا تھا۔امریکی حکومت کے اس اعلان پر چین نے سخت ردعمل دیا ہے۔ چینی وزیر برائے تجارت نے امریکی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین امریکی ٹیرف کی مخالفت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ امریکہ اس غلطی سے گریز کرے گا۔ چینی وزارت تجارت نے مزید کہا کہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہی بہتر راستہ ہے۔یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان معاشی کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔ گزشتہ ماہ بھی امریکہ نے کینیڈا، میکسیکو اور چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر بھاری ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد میں کینیڈا اور میکسیکو پر لگایا گیا ٹیرف واپس لے لیا گیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے ٹیرف سے امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑ سکتا ہے۔