امریکہ کیساتھ کشیدگی کے درمیان چینی صدر کا دورہ سعودیہ

,

   

بیجنگ ؍ ریاض : چینی صدر رواں ہفتے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ رہے ہیں۔ ژی جن پنگ وہاں چین عرب سربراہی کانفرنس میں حصہ لیں گے جس میں 14عرب ملکوں کے سربراہوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔میڈیا نے بتایا ہیکہ امریکہ اور سعودی عرب کے مابین جاری کشیدگی کے درمیان ہی چین کے صدر ژی جمعرات کودو روزہ سرکاری دورہ پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ رہے ہیں۔ ان کے اس دورہ کے دوران ہی وہاں چین اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا اجلاس بھی ہوگا۔چینی صدر کے مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے سب سے بڑے حلیف سعودی عرب کے ممکنہ دورے کی باتیں پچھلے کئی مہینوں سے گردش کر رہی ہیں۔
تاہم سعودی عرب اور چین دونوں حکومتوں نے اب تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ سعودی حکومت نے مجوزہ سمٹ کی رپورٹنگ کے لیے نامہ نگاروں کو گزشتہ ہفتے رجسٹریشن فارم بھیجے تھے لیکن اس میں کانفرنس کی تاریخ درج نہیں تھی۔میڈیانے بھی ژی کے مجوزہ دورہ کی تصدیق کی ہے۔ تاہم کہا کہ چینی صدر کے دورہ اور اس کے ایجنڈہ کے متعلق ان کے سوالات کا سعودی حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔شی جن پنگ کا دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہیں، عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال ہے اور واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرات سے خاصا فکرمند ہے۔