امریکہ کے پاس مفاہمتی معاہدے کی خلاف ورزی کا کوئی جواز نہیں: اسماعیل

   

تہران ۔ 20 جولائی (ایجنسیز) ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے متن میں کسی قسم کا ابہام موجود نہیں، اس لیے واشنگٹن کے پاس اس معاہدہ کی خلاف ورزی کا کوئی جواز نہیں۔ تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت مختصر دستاویز ہے، جس میں 14 شقیں شامل ہیں اور اس کا متن مکمل طور پر واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ابتدا ہی سے یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام کی ذمے داری ایران پر عائد ہوتی ہے اور اس معاملہ پر سلطنتِ عمان سے مشاورت اور خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ پیش رفت کی جائے گی۔ ایرانی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ معاہدہ کا متن بالکل واضح ہے، اس لیے امریکہ کے پاس اس کی خلاف ورزی کرنے کا کوئی عذر یا جواز موجود نہیں۔