واشنگٹن ۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ امریکہ یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کو مضبوط کر رہا ہے، جس میں اسپین میں جنگی بحری جہازوں میں اضافہ اور دوسری جگہوں پر مزید فوجیوں کی تعیناتی شامل ہیں۔ 30 ممالک کے ناٹو سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے اسپین کے دارا لحکومت میڈرڈ میں کہا کہ امریکہ پولینڈ میں یو ایس ففتھ کور کے لئے ایک مستقل ہیڈ کوارٹر قائم کرے گا، تین ہزار فوجیوں اور دو ہزار دیگر اہلکاروں کی ایک گردشی بریگیڈ کو شامل کرے گا جس کا صدر دفتر رومانیہ میں ہو گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ امریکہ برطانیہ کو دو اضافی ایف-35 لڑاکا طیارے فراہم کرے گا۔ بائیڈن نے کہا کہ، آج، میں اعلان کر رہا ہوں کہ امریکہ بدلے ہوئے سکیوریٹی ماحول کا جواب دینے کے لیے یورپ میں اپنی طاقت کے طور طریقوں میں اضافہ کرے گا اور ساتھ ساتھ ہماری اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنائے گا۔ ناٹو کے قائد اس سربراہی اجلاس میں یوکرین کی حمایت اور دوسری جنگ عظیم کے بعد تشکیل پانے والے مغربی فوجی اتحاد کوموجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے ڈھالنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب میں صدر بائیڈن نے کہا اس سال کے شروع میں امریکہ نے روس کے جارحانہ اقدام کے جواب میں دفاع کو مضبوط کرنے کے لییدو ہزار اضافی امریکی افواج کو یورپ بھیجا تھا، جس سے یورپ میں ہماری فورس کی کل تعدادایک لاکھ ہو گئی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ قریبی مشاورت سے خطرات کے پیش نظر اپنی فوجی موجودگی کے انداز میں ردوبدل کریں گے۔