واشنگٹن۔ 13 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایوان نمائندگان نے جمعہ کو نیشنل ڈیفنس اتھارٹی ایکٹ (این ڈی اے ) کو منظوری دے دی ۔ اس میں کی گئی ترمیم ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف براہ راست جنگ میں جانے سے روکے گی ۔ بل میں ترمیم کر کے ایسے التزام کئے ہیں جو امریکی صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر حملے کرنے سے روکیں گے ۔ ایوان نمائندگان نے این ڈی اے ترمیم شدہ بل کو 220-197 ووٹوں سے منظور کیا ۔ خارجہ امور کی ایوان کمیٹی کے چیئرمین کانگریسی ایلیٹ اینگل نے ووٹنگ سے پہلے کہا، اگر صدر جنگ کرنا چاہتے ہیں تو ان کو پہلے کانگریس کے پاس جانا ہوگا ۔ آئین کانگریس کو جنگ کے اعلان کا اختیا ردیتا ہے صدر کو نہیں ۔سینیٹ نے اس سکیورٹی بل کو جون میں منظور دی تھی ۔وائٹ ہاؤس نے اس بات کے اشارے دیے ہیں کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس بل کو ویٹو کریں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکہ کے جوہری معاہدے کے ہٹنے کے بعد سے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بنی ہو ئی ہے ۔