دیگر علاقوں میں ہوئے حملوں میں8 افراد جاں بحق‘چھٹے روز بھی فضائی حملے
تہران، 17 جولائی (یو این آئی) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے مسلسل چھٹے روز بھی فضائی حملے جاری رکھتے ہوئے متعدد شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جن میں چابہار بندرگاہ کا میری ٹائم واچ ٹاور بھی شامل ہے ۔امریکی حملے میں چابہار بندرگاہ کا میری ٹائم واچ ٹاور مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم بندرگاہ پر نصب نیوی گیشن آلات، آپریشنل انفراسٹرکچر اور دیگر اہم سہولیات محفوظ رہیں۔رپورٹ کے مطابق چابہار نیول واچ ٹاور پر حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے حملوں میں آٹھ افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ادھر جنوبی ایران میں ہونے والے دیگر حملوں میں کئی شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جن میں پل، ہوائی اڈے ، بجلی کی تنصیبات اور ایک ریلوے اسٹیشن شامل ہیں جس کے باعث کئی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہوئی ہے ۔امریکی حکام کی جانب سے ان حملوں کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے ۔ جولائی میں امریکی حملوں میں 38 افراد جاں بحق جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔