امریکی سفیر کی جانب سے آزاد کشمیر کہنے پر ہندوستان ناراض

   

اسلام آباد: اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اپنے حالیہ دورے کے دوران کئی بار آزاد کشمیر کا لفظ استعمال کیا۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اس نے امریکہ کو اپنے اعتراضات سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اسلام آباد میں امریکی سفیر کے پاکستان کے زیر انتظام خطہ کشمیر کے دورے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ اس حوالے سے ہندوستانی موقف سے امریکہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونالڈ بلوم نے چند روز قبل ہی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کیا تھا اور وہاں کئی حلقوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔