امریکی صدر بائیڈن کا کینیڈا کا پہلا دورہ

,

   

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کینیڈا کے اپنے پہلے صدارتی دورے میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ متعدد اہم موضوعات پر گفتگو کریں گے۔ ان میں قومی سلامتی کے خدشات، آب وہوا کی تبدیلی ، تجارت ، مائیگریشن ، یوکرین میں تنازعہ اور ہیٹی میں بد امنی کے موضوعات شامل ہیں۔بائیڈن جمعرات کو کینیڈا کے دارالحکومت کے اپنے پہلے دورے میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کریں گے اور جمعہ کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔قومی سلامتی کونسل میں اسٹریٹجک کمیو نی کیشنز کے آرڈی نیٹر جان کربی نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران بائیڈن دفاع کے اخراجات میں اضافے ، شفاف توانائی کیلئے عالمی مسابقت ، اور خوشحالی اور جامع معیشتوں کیلئے ٹھوس اقدامات پر گفتگو کریں گے۔تجزیہ کار کہتے ہیں کہ ان موضوعات کی حساسیت واشنگٹن اور اوٹاوا کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان دنیا کی طویل ترین سرحد واقع ہونے کے باوجود ان کے تعلقات خاصے غیر متوازن ہیں۔وڈ رو ولسن کے پبلک پالیسی کے ایک ماہر اور افغانستان ، ارجنٹائن اور میکسیکو کیلئے امریکہ کے سابق سفیر ائرل انتھونی وائن کہتے ہیں کہ یہ ایک ایسا تعلق ہے جسے اتنی توجہ اوراحترام نہیں ملا جتنی کہ وہ مستحق ہے۔بائیڈن اپنی مدت صدارت کا نصف سے بھی زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد اب اوٹاوا کا دورہ کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کیلئے کینیڈا کی سابق سفیر لوئس بلیس کہتی ہیں کہ کینیڈا میں اس وقت اور کئی ہفتوں سے یہ پہلے صفحے کی خبر ہے۔ جب کہ امریکہ میں اس خبر کی کوریج کی حد سے تعلقات کی قدرے غیر مساوی پہلو کی عکاسی ہوتی ہے بہر طور یہ گرمجوش اور مثبت ہیں۔