واشنگٹن ۔ 11 ستمبر (ایجنسیز) امریکی سنٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کی بحالی کے بعد سے اس کی افواج نے 96 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا ہے۔ واشنگٹن ایرانی بندرگاہوں سے منسلک جہازوں کی آمد و رفت پر نگرانی سخت سے سخت کیے جارہا ہے۔ دوسری جانب امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی افواج نے 10 ستمبر تک محاصرے کے علاقہ سے انسانی امداد لے جانے والے 50 سے زیادہ جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی۔یہ اعداد و شمار بحری ناکہ بندی کے جاری نفاذ کے ساتھ سامنے آئے ہیں۔ اس ناکہ بندی کے بارے میں واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو ایرانی بندرگاہوں تک پہنچنے سے روکنا اور خلاف ورزی نہ کرنے والے جہازوں اور انسانی امداد کی کھیپوں کو گزرنے کی اجازت دینا ہے۔یاد رہے گزشتہ مدت کے دوران امریکی سنٹرل کمانڈ نے ان جہازوں کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا تھا جن کے بارے میں اس نے وضاحت کی تھی کہ انہوں نے ناکہ بندی کی تدابیر کی خلاف ورزی کی جن میں ایرانی تیل کے ٹینکروں کو بیکار بنانا اور ایرانی بندرگاہوں تک پہنچنے کی کوشش کرنے کے مشکوک جہازوں پر امریکی افواج کا سوار ہونا شامل تھا۔ اس کے بعد ان میں سے کچھ کی تلاشی لی گئی اور ان کا رخ موڑ دیا گیا۔ امریکی افواج نے علاقہ میں اپنے بحری گشت اور جہازوں کی آمد و رفت کی نگرانی بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔ واشنگٹن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محاصرے کا نشانہ وہ جہاز ہیں جو ایرانی بندرگاہوں تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انسانی امداد کی نقل و حرکت کرنے والے بحری جہازوں کو نشانہ نہیں بنایا جارہا۔