حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 23 جون کو حیدرآباد میں واقع امریکی قونصلیٹ کی سڑک کو ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو سے موسوم کریں گے۔ حکومت نے اگرچہ سابق میں یہ فیصلہ کیا تھا لیکن مختلف وجوہات کے سبب افتتاح نہیں کیا جاسکا۔ چیف منسٹر امریکہ کے یوم آزادی کے پیش نظر 23 جون کو ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو کا افتتاح کریں گے۔ تقریب میں ہندوستان میں امریکی سفیر سرگیو گور بھی شریک ہوں گے۔ چیف منسٹر نے 2025ء میں یو ایس قونصلیٹ کی سڑک کو امریکی صدر کے نام سے موسوم کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم ہندوستان کے ساتھ کشیدہ صورتحال اور خاص طور پر ہندوستان پر زائد ٹیرف عائد کرنے کے بعد اِس تجویز پر عمل نہیں کیا گیا۔ حیدرآباد میں امریکہ کے اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دینے میں حکومت کا یہ اقدام معاون ثابت ہوگا۔V/1