امریکی مسلمان لاس اینجلس متاثرین آتشزدگی کی امداد کیلئے پہنچ گئے

   

لاس اینجلس: امریکی مسلمان لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کیلئے پہنچ گئے ، آتشزدگی سے سینکڑوں مکانات خاکستر، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کے لئے امریکہ کی سب سے بڑی مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آتشزدگی سے سینکڑوں مکانات خاکستر، ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے سی ای او عبدالرؤف خان نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کی۔ان کا کہنا تھا آتشزدگی کا علم ہوتے ہی اپنی ٹیم فوری طور پر متاثرہ علاقے میں روانہ کردی تھی، ہماری ٹیم نے متاثرین کو ابتدائی ضروریات، جیسے کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، اور کپڑوں کی فراہمی شروع کی۔عبدالرؤف خان نے مزید کہا کہ متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں ۔ اکنا ریلیف نہ صرف فوری امداد فراہم کرتی ہے بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر بھی متاثرین کی بحالی کے لیے کام کرتی ہے ، ہمارا مقصد ہے کہ متاثرین کی زندگی کو دوبارہ معمول پر لایا جائے ۔خیال رہے امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ بجھائی نہ جاسکی، تیز ہواؤں کے باعث بھڑکتے شعلوں نے مزید علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے ۔