امفان: امیت شاہ کی پٹنائک اور ممتا سے بات چیت

,

   

نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک سے منگل کو بات چیت کی اور ‘امفان’ طوفان سے نمٹنے کے لئے کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔امیت شاہ نے دونوں وزرائے اعلی سے الگ الگ بات کی اور ان ریاستوں میں موجودہ صورت حال کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے طوفان کی وجہ سے جان و مال کے نقصان کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو کہا۔ شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت دونوں ریاستوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز کی تمام ایجنسیاں بھی مستعد ہیں اور ضرورت پڑنے پر وہ ریاستی حکومت کی مدد کر نے کو تیار ہیں۔امفان طوفان کے چہارشنبہ کو مغربی بنگال کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ایک اعلی سطح کی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔