امیت شاہ نے جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا

   

نئی دہلی ۔ 16 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج جموںو کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ ایسی رپورٹس مل رہی ہیں کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں قائم دہشت گردی کے اڈوں میں تقریباً 230 دہشت گرد ملک میں گھسنے کا موقع دیکھ رہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دو گھنٹے طویل میٹنگ میں جہاں قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوال اور معتمد کابینہ راجیو گوبا و دیگر بھی شریک ہوئے ، وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر بالخصوص بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے پاس کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں۔ یہ میٹنگ میں خصوصیت سے ممکنہ دراندازی کے بارے میں غور کیا گیا کہ اسے کس طرح روکا جائے ۔ لیفٹننٹ جنرل کے جے ایس ڈھلون سنٹرل آفیسر کمانڈنگ ، 15 کورز جو وادی کشمیر کے نگرانکار ہیں ، اُنھوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ سرحدپار سے دراندازی کی کوششیں ہوئی ہیں ۔ انھوں نے بتایا تھا کہ پی او کے میں قائم اڈوں سے مختلف عسکری تنظیموں جیسے لشکر طیبہ ، جیش محمد ، حزب المجاہدین اور البدر کی طرف سے دہشت گردوں کو ہندوستانی علاقہ میں گھسانے کی کوششیں ہوئی ہیں۔ اُن کی مدد کیلئے پاکستانی دستے فائرنگ کرتے ہوئے توجہہ ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں ۔