امیت شاہ کے خلاف کانگریس کی ایک ہفتہ طویل احتجاجی مہم کا اعلان

   

حیدرآباد ۔23۔ڈسمبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ’’امبیڈکر سمان سپتاہ‘‘ کے تحت ایک ہفتہ تک ریاست بھر میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کرتے ہوئے امیت شاہ کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دیپا داس منشی نے کہا کہ 27 ڈسمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ایک ہفتہ طویل پروگراموں کو قطعیت دی جائے گی۔ تلنگانہ کے ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر امبیڈکر کے مجسموں کو خراج پیش کرتے ہوئے امیت شاہ کی برطرف کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی طبقات کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے کئی طبقات ڈاکٹر امبیڈکر کو بھگوان کے طور پر مانتے ہیں۔ دیپا داس منشی نے امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ وزارت سے استعفیٰ دے کر عوام سے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی ہے اور وہ دستور ہند کو بدلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں شامل قائدین نے ہمیشہ کمزور طبقات اور دلتوں کی توہین کی ہے۔ امیت شاہ کے بیان کے خلاف ملک بھر میں ناراضگی کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے بیان کے بعد راہول گاندھی کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی ہے کہ بی جے پی دستور کو بدلنا چاہتی ہے۔ انتخابات سے قبل راہول گاندھی نے دستور اور جمہوریت کو بچانے کی مہم کا آغاز کیا تھا ۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں پر مباحث کی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مانگ کی گئی لیکن بدعنوانیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ڈاکٹر امبیڈکر کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے مودی حکومت روزانہ نئے تنازعات کھڑے کر رہی ہے۔ کانگریس نے پارلیمنٹ سیشن کے دوران حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کی لیکن مودی حکومت مباحث کیلئے تیار نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف سے متعلق مودی حکومت کے نعرے کھوکھلے ہیں اور دلتوں اور کمزور طبقات کے حق میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ مودی دور حکومت میں دلت طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دیپا داس منشی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت آر ایس ایس کے نظریات پر عمل پیرا ہے۔1