امیت شاہ 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب کا افتتاح کریں گے

   

حیدرآباد9 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 17 ستمبر کو مرکز کی حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب میں حصہ لیں گے ۔ وہ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر ایک سالہ طویل حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب کا آغاز کرکے قومی پرچم لہرائیں گے اور نیم فوجی دستوں کی پریڈ کی سلامی لیں گے ۔ اس موقع پر تہذیبی پروگراموں کا انعقاد عمل میں آئے گا جس کے بعد امیت شاہ خطاب کریں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق امیت شاہ کے دورہ پر بعض دوسرے پروگرام بھی زیر غور ہیں۔ پارٹی قومی جنرل سکریٹری ترون چگ اور ریاستی صدر بنڈی سنجے کمار دیگر پروگراموں کو قطعیت دیں گے ۔ امیت شاہ نئی دہلی سے خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچے گے اور سیدھے پریڈ گراؤنڈ روانہ ہونگے ۔ جلسہ کے بعد وہ سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ریاست کی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر منوگوڑ اسمبلی چناؤ پر بات کریں گے۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اور چیف منسٹر کرناٹک بسوا راج بومائی کو تقاریب میں مدعو کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ر