امید پورٹل پر اوقاف کے لازمی رجسٹریشن کیخلاف عرضی ، فوری سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

   

نئی دہلی، 22 اگست (یو این آئی) سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی طرف سے نئے متعارف شدہ ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت موروثی وقف املاک سمیت تمام اوقاف کے لازمی رجسٹریشن کو چیلنج کرنے والی عبوری عرضی پر فوری سماعت سے آج انکار کر دیا۔ سربراہی والی بنچ نے عرضی گزار کے وکیل کو یاد دلایا کہ وقف کیس میں عبوری احکامات پہلے ہی 22 مئی کو محفوظ کر لیے گئے تھے اور کہا کہ اس مرحلے پر کسی نئی درخواست پر غور نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ اس عرضی کا تذکرہ مرکز کی جانب سے 6 جون کو یونیفائیڈ وقف منیجمنٹ، امپاورمنٹ، ایفیشینسی اینڈ ڈیولپمنٹ نامی سنٹرل پورٹل کے آغاز کے پس منظر میں کیا گیا تھا۔ پورٹل پر تمام وقف املاک کو جیو ٹیگ کرنے کے بعد ان کی ڈیجیٹل انوینٹری بنانے کا التزام ہے اور تمام رجسٹرڈ وقف املاک کی تفصیلات چھ ماہ کے اندر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے ۔ عدالت کے سامنے پیش ہونے والے وکیل نے عرض کیا کہ پورٹل میں ’’موروثی وقف املاک سمیت تمام اوقاف کا لازمی رجسٹریشن مکمل کرنا ضروری ہے۔‘‘
انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ عملی طور پر، موروثی اوقاف کو رجسٹر نہیں کیا جا سکتا ہے ۔