انتخابی مہم کے دوران ملک میں 4650 کروڑ کی ضبطی

   

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا مبصرین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا چناؤ میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کو روکنے کیلئے مختلف ایجنسیوں کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر مہم چلائی گئی اور ملک بھر میں 4650 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پریس نوٹ کے مطابق گزشتہ 75 برسوں میں نقد رقومات کی یہ ریکارڈ ضبطی ہے۔ لوک سبھا چناؤ کے پہلے مرحلہ سے قبل یہ رقم ضبط کی گئی۔ 2019 کے لوک سبھا چناؤ میں مجموعی طور پر 3475 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے تھے لیکن اس مرتبہ صرف پہلے مرحلہ کی تکمیل سے قبل 4650 کروڑ کی ضبطی ایک ریکارڈ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنرس گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کے ہمراہ 19 اپریل کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے ضمن میں مرکزی مبصرین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ کمیشن کے مطابق مرکزی اور ریاستی حکومت کی ایجنسیوں نے رقومات کی منتقلی کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی کی ہے۔ یکم مارچ سے روزانہ کم از کم 100 کروڑ روپئے ملک بھر میں ضبط کئے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے نقد رقومات کے علاوہ شراب ، منشیات اور دیگر اشیاء کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے سرحدی علاقوں میں چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی مہم کے تحت چیف منسٹر اور وزراء کی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔ 1