کار سے مماثلت رکھنے والے نشانات کی فہرست میں برقراری
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) مجالس مقامی انتخابات کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پارٹی اور امیدواروں کے لئے انتخابی نشان کی فہرست جاری کردی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے مطابق 11 پارٹیاں مسلمہ ہیں جن کے انتخابی نشان مقرر ہیں جبکہ 68 رجسٹرڈ پارٹیوں کو نشانات کی فہرست سے انتخاب کرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے فری سمبل (انتخابی نشانات) کے طور پر 36 نشانات کی فہرست جاری کی ہے جس میں بی آر ایس کے انتخابی نشان کار سے مماثلت رکھنے والے بعض نشانات شامل ہیں۔ بی آر ایس نے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرتے ہوئے کار سے مماثلت رکھنے والے نشانات کو فہرست سے خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔ بی آر ایس نے جن نشانات پر اعتراض کیا تھا ان میں ٹیلی ویژن، مکان، روٹی بنانے کا رولر، کیمرہ اور استری شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی فہرست میں مذکورہ نشانات کی موجودگی سے بی آر ایس کو جھٹکا لگا ہے۔ بی آر ایس کو شکایت ہے کہ کار سے مماثلت رکھنے والے نشانات کے سبب عوام غلط فہمی میں دیگر نشانات کو ووٹ دے رہے ہیں۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی پارٹیوں کی فہرست میں جن سینا اور عام آدمی پارٹی شامل ہے۔ مسلمہ پارٹیوں کی فہرست میں بی جے پی، کانگریس، سی پی ایم، عام آدمی پارٹی شامل ہیں جبکہ علاقائی پارٹی کی فہرست میں بی آر ایس، ایم آئی ایم، تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی شامل ہیں۔ دیگر پارٹیوں میں آل انڈیا فارورڈ بلاک، سی پی آئی اور جن سینا شامل ہیں۔ رجسٹرڈ پارٹیوں کی تعداد 68 ہے جنہیں فری سمبل میں سے انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ضلعی سطح پر انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ 1